جے پور،4؍جنوری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)راجستھان میں کڑاکے کی سردی سے عام زندگی متاثر ہو رہی ہے۔فتح پور شیخاوٹی اور الور میں درجہ حرارت صفر سے نیچے چلا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق الور میں درجہ حرارت صفر سے چار ڈگری نیچے اور فتح پور میں صفر سے دو ڈگری نیچے درج کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ماؤنٹ آبو میں درجہ حرارت صفر ڈگری پر جبکہ چورو میں 2.7ڈگری، شری گنگا نگر میں تین ڈگری، ادے پور میں 3.6 ڈگری، جے پور اور جودھپور میں 6.4 ڈگری، کوٹہ میں 6.8ڈگری، بیکانیر میں 9.9 ڈگری اور جیسلمیر میں 10.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔فتح پور شیخاوٹی میں مسلسل درجہ حرارت دوسرے دن بھی صفر سے نیچے درج کیا گیا۔صبح کا کم از کم درجہ حرارت منفی دو ڈگری کم درج کیا گیا۔درجہ حرارت کے مسلسل گرنے کی وجہ سے کھیتوں میں گری شبنم کی بوندیں برف میں جم گئیں وہیں کئی مقامات پر کھیتوں میں مٹی پر بھی برف کی پرت منجمد نظر آئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی ہواؤں کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی ہوئی ہے۔وہیں سردی کی وجہ سے عام لوگوں کی زندگی بھی خاصی متاثر ہو گئی ہے۔ شیخاوٹی میں کڑاکے کی سردی سے بچنے کے لئے لوگ الاؤ کا سہارا لے رہے ہیں۔